لاہور:(سامیا سعید)شہر لاہور کا موسم گرم ہوتے ہی برف کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا، شہری ٹھنڈے مشروبات پینے کے لیے برف کا استعمال کرنے لگے۔
گرمی ہو اور برف کا استعمال نہ ہو یہ ممکن ہی نہیں، شہری ٹھنڈا پانی ، ٹھنڈے مشروبات اور گولا بنانے کے لیے برف کی پٹیاں لے جاتے دکھائی دیئے، دکانوں پر برف کی پٹی 200 روپے جبکہ بلاک 1500 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی بہت زیادہ ہو گئی ہے، لوڈ شیڈنگ میں اضافے کے باعث فریج نے کام کرنا بھی چھوڑ دیا ہے، ایسے میں پیاس بجھانے کے لیے برف لے جا رہے ہیں مگر مہنگائی کے دور میں برف خریدنا بھی انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث برف کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے لیکن گرمی میں کام اچھا جا رہا ہے۔
ادھر جھلسا دینے والی گرمی میں پیاس بجھانے کے لئے شہری روائتی مشروبات سے لطف اندوز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
ٹھنڈے مشروبات نہ صرف پیاس بجھاتے ہیں بلکہ جسم و جاں کو راحت بخشتے ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد گرمی اور لو سے بچنے کیلئے بادام ، صندل الائچی،فالسہ ، املی اور آلو بخارے کے شربت سے لطف اندوز ہوتی ہے۔