18 May 2024
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر کے انتخاب کے سلسلہ میں ن لیگ کے الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر رانا ثنااللہ خان نے کی، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے دیگر اراکین اقبال ظفر جھگڑا، عشرت اشرف، جمال شاہ کاکڑ اور کھیل داس کوہستانی شریک ہوئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے صدارتی انتخاب کے لئے الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیا، شیڈول کے مطابق 27 مئی کو پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے جا سکیں گے۔
کاغذات نامزدگی 28 مئی کو صبح 10 سے 12 بجے کے درمیان جمع کروائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دوپہر ایک بجے سے دو بجے کے درمیان ہو گی۔
پارٹی کے مرکزی صدر کے انتخاب کے لئے جنرل کونسل کا اجلاس 28 مئی سہ پہر چار بجے ہو گا۔