واسا انتظامیہ نے رواں مالی سال میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کو نظر انداز کر دیا
(لاہور نیوز) واسا انتظامیہ نے رواں مالی سال میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کو نظر انداز کر دیا، پنجاب حکومت کے منظور شدہ منصوبے رواں مالی سال میں مکمل نہ ہو سکے۔
مالی سال 2023ء-24 اختتام کے قریب ہے، ترقیاتی کاموں کے حوالے سے واسا کی کارکردگی ناقص رہی، نگران اور نومنتخب پنجاب حکومت کے رواں مالی سال میں سیوریج اور واٹر سپلائی منصوبے نظر انداز کئے گئے، گزشتہ گیارہ ماہ میں واسا انتظامیہ ایک بھی جاری ترقیاتی سکیم مکمل نہ کر سکی۔
حکومت کی غیر سنجیدگی اور مکمل فنڈز نہ ملنے سے منصوبے مکمل نہ ہوئے، حاجی کیمپ ڈرین اور سگیاں روڈ سیوریج سسٹم بحالی منصوبہ تکمیل کا منتظر ہے، ساندہ کلاں اور شاہین آباد میں نیا سیوریج سسٹم ڈالنے کا جاری منصوبہ بھی مکمل نہ ہوا، طلعت پارک سیوریج سسٹم کی تبدیلی اور اتفاق ہسپتال سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن بھی مکمل نہ ہو سکی۔
ترقیاتی کام بروقت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے تعمیراتی لاگت میں اضافہ ہوا اور عوام کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔