(ویب ڈیسک) بیشتر افراد چھٹی کے دن زیادہ وقت تک سونا پسند کرتے ہیں اور سائنسدانوں نے اس عادت کا ایک حیران کن فائدہ دریافت کیا ہے۔
درحقیقت ہفتہ وار چھٹی کے دن زیادہ دیر تک سونے والے افراد میں ڈپریشن جیسے مرض کا خطرہ نمایاں حد تک گھٹ جاتا ہے۔
یہ دلچسپ دعویٰ چین میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔
سینٹرل ساؤتھ یونیورسٹی کی تحقیق میں لگ بھگ 8 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ان افراد سے ڈپریشن کی علامات کی تفصیلات حاصل کی گئی تھیں جبکہ نیند کے بارے میں ایک سوالنامہ بھروایا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ 50 فیصد کے قریب افراد ہفتہ وار چھٹی کے موقع پر معمول سے زیادہ وقت تک سونے کے عادی ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق جو افراد چھٹی کے دن ایک یا 2 گھنٹے زیادہ سوتے ہیں، ان میں ڈپریشن کی علامات سے متاثر ہونے کا خطرہ 46 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
محققین کی جانب سے مزید تحقیق کی گئی تو انکشاف ہوا کہ عام دنوں میں 6 گھنٹے سے کم وقت تک سونے والے افراد میں ڈپریشن کا خطرہ بڑھتا ہے، مگر ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر زیادہ وقت تک سونے سے انہیں اس مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ ڈپریشن سب سے عام دماغی عارضہ ہے اور دنیا بھر میں کروڑوں افراد اس سے متاثر ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چھٹی کے دن 2 گھنٹے کی اضافی نیند دماغ کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے اور ڈپریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف ایفیکٹیو ڈس آرڈرز میں شائع ہوئے۔