مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن نہیں ہو سکتا، بھارت اپنی افواج نکالے: اسحاق ڈار
(ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا، بھارت کشمیر سے اپنی افواج نکالے اور غیرقانونی قبضہ ختم کرے، مقبوضہ کشمیر کا معاملہ بھی غزہ سے مختلف نہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ملائشیا کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات ہوئی، وزیراعظم کی بل گیٹس کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی، سعودی عرب میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی سعودی حکام کے ساتھ بھی دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں، رمضان کے آخری عشرے میں سعودی عرب ہم ذاتی دورے پر گئے تھے لیکن تجارت اور سرمایہ کاری پر بات ہوئی، عید کے فوراً بعد سعودیہ کا وفد پاکستان آیا، اس کے بعد بی ٹو بی سعودی وفد بھی پاکستان آیا، سعودی تجارتی وفد کے ساتھ اچھی بات ہوئی وہ کافی خوش تھے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ریاض میں ہونے والے اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بات ہوئی، وزیراعظم نے عالمی امن اور صحت کے حوالے سے ایجنڈے کے تحت اجلاس میں شرکت کی، کابینہ اجلاس میں سعودی وفد کے دورہ پاکستان میں مصروفیات پر بھی بریفنگ ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، بھارت کشمیری رہنماؤں کو فوری رہا کرے، غزہ میں بھی فوری جنگ بندی کی جائے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی سمٹ میں اسلاموفوبیا کیخلاف بھی کھل کر بات ہوئی، میرے تین ایجنڈے تھے، مسئلہ فلسطین، مقبوضہ جموں کشمیر اور اسلاموفوبیا، او آئی سی میں متفقہ طور پر قرارداد بھی منظور ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی سفیر کی طرف سے مارچ میں کہا گیا حکومتی اور اپوزیشن کے رہنماؤں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں، ہماری حکومت نے اپنی ذمہ داری نبھائی، ہم نے امریکی سفیر سے کہا جس سے آپ ملاقات کرنا چاہتے ہیں کریں۔