(ویب ڈیسک) پی سی بی انتظامیہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) سے ٹکراؤ کے باعث بڑے کھلاڑیوں کو لیگ میں شامل کرنے کی پلاننگ شروع کردی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 اگلے پاکستان میں فروری اور مارچ میں شیڈول ہے جس کے باعث پی ایس ایل کی تاریخیں آگے بڑھانے پر فرنچائزز اور بورڈ کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
پی سی بی نے گزشتہ روز گورننگ باڈی کے اجلاس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد کیلئے 7 اپریل سے 20 مئی تک کی ٹورنامنٹ کروانے کی تجویز پیش کی تھی تاہم فرنچائزز نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔
آئی پی ایل سے ٹکراؤ کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائزز کے ساتھ مل کر 6 سے 12 کھلاڑیوں کی فہرست بنائے گی جن سے لیگ میں شرکت کی ضمانت لی جائے گی۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کم از کم 6 کھلاڑیوں کو خصوصی طور پر پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کیلئے سائن کیا جاسکتا ہے جبکہ پلیئرز کی تعداد 12 سے 18 بھی ہوسکتی ہے۔
غیرملکی پلیئرز ایونٹ میں براہ راست ڈرافٹنگ کے عمل کا حصہ نہیں ہونگے انہیں پلاٹینم کیٹیگری دی جائے گی۔
ان کھلاڑیوں کو تقریباً 350,000 امریکی ڈالر سے 400,000 امریکی ڈالر تک سیزن کھیلنے کی پیشکش کی جائے گی جو کہ پی ایس ایل میں ایک عام پلاٹینم کھلاڑی کی کمائی سے تقریباً 2 گنا زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ بورڈ پی ایس ایل سیزن 10 کے پلے آف کی میزبانی کیلئے بھی غیرملکی وینیو کے نام پر غور کررہا ہے۔