پنجاب پنک گیمز کا افتتاح، وزیراعلیٰ مریم نواز کا انعام کی رقم ایک کروڑ کرنے کا اعلان
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب پنک گیمز کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں پنجاب کی 20 یونیورسٹیوں کی طالبات کی ٹیمیں شریک ہوئیں، ٹیموں نے مارچ پاسٹ میں حصہ بھی لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب پنک گیمز کی افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی، میں آپ کے والدین کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے آپ کا بھرپور ساتھ دیا، میں خود دو بیٹیوں کی ماں ہوں، آپ سب کو دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں آپ کو اور آپ کے گھر والوں کو شاباش دیتی ہوں، اگر بیٹا چیف منسٹر بن سکتا ہے تو بیٹی بھی چیف منسٹر بن سکتی ہے، مجھے خوشی ہے کہ میں نے فیصل ایوب کھوکھر جیسا نوجوان سپورٹس منسٹر منتخب کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پہلے پنک گیمز کی انعامی رقم 50 لاکھ تھی میں اسے اب ڈبل کرکے ایک کروڑ کرتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنے والد کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا، جب میں چیف منسٹر پنجاب بنی تو میں نے سوچا کہ خواتین کے لئے کام کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے لاہور میں فری وائی فائی شروع کیا ہے، میں نے جو پنجاب کی ہر بیٹی سے وعدہ کیا ہے وہ مجھے آپ لوگوں کو دیکھ کر پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مجھے امید ہے آپ لوگ اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں گی، میرا آج دن کا سب سے خوبصورت منظر آپ لوگوں کے ساتھ ہے جو میں نے ابھی آپ کے ساتھ گزارا ہے۔