(لاہور نیوز) دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔
قومی سلیکٹرز وہاب ریاض، محمد یوسف، عبدالرزاق اور بلال افضل نے پریس کانفرنس کے دوران دورہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں بابر اعظم، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان شامل ہیں، اس کے علاوہ افتخار احمد، عماد وسیم، عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، عرفان خان نیازی، نسیم شاہ اور صائم ایوب بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان ٹیم میں شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان بھی شامل ہیں۔
اسامہ میر اور زمان خان کی چھٹی
دورہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی نے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے ساتھ حسن علی اور سلمان علی آغا کو بھی 18 رکنی سکواڈ میں دوبارہ شامل کیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ہوم سیریز کے 17 کھلاڑیوں کے سکواڈ میں شامل سپنر اسامہ میر اور فاسٹ باؤلر زمان خان اب قومی سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
رکن سلیکشن کمیٹی وہاب ریاض نے بتایا کہ حارث رؤف، اعظم خان اور رضوان کی فٹنس میں بہتری آئی ہے، امید ہے کہ تینوں کھلاڑی آئرلینڈ کیخاف سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔
آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کے لیے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کے بعد کیا جائے گا۔