سیریز 'ہیرامنڈی' میں پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنا چاہتا تھا، سنجے لیلا بھنسالی کا انکشاف
(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے نامور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ میں پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنے کے خواہشمند تھے۔
یکم مئی کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کے ذریعے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر قدم رکھا ہے۔
سنجے لیلا بھنسالی کی تہلکہ خیز ویب سیریز ’ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘ میں سات گانے شامل ہیں جبکہ فلم کا شاندار سیٹ بنانے میں پورا ایک سال صرف کیا گیا۔
اس سیریز کی میگا کاسٹ میں سوناکشی سنہا، منیشا کوئرالہ، ادیتیہ راؤ حیدری، ریچا چڈھا، سنجیدہ شیخ، شرمین سیگل اور فردین خان شامل ہیں۔
’ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘ کے پریمیئر کے بعد سوشل میڈیا پر سنجے لیلا بھنسالی کا حالیہ انٹرویو گردش کررہا ہے جس میں اُنہوں نے سیریز کی کاسٹ سے متعلق اہم انکشاف کیا۔
سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ ویب سیریز ‘ہیرامنڈی’ کے حوالے سے میرے ذہن میں ایک سے زیادہ کاسٹنگ تھی، میں گزشتہ 18 برس سے یہ سیریز بنانے کے بارے میں سوچ رہا تھا۔
بھارتی فلمساز نے کہا کہ میرے ذہن میں یہ سیریز بنانے کا خیال اُس وقت آیا تھا جب ریکھا جی، کرینہ کپور اور رانی مکھرجی کا بالی ووڈ پر راج تھا، تو میں نے ان تینوں اداکاراؤں کو اپنی ویب سیریز ‘ہیرامنڈی’ میں کاسٹ کرنے کا سوچا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ جس وقت میں نے ‘ہیرامنڈی’ کی تاریخ پر پراجیکٹ بنانے کا سوچا تھا تو اُس وقت، میں سیریز نہیں بلکہ ہیرامنڈی پر فلم بنانا چاہتا تھا۔
سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ میں نے ہیرامنڈی کی کاسٹ میں پاکستانی اداکار فواد خان، عمران عباس اور ماہرہ خان کو بھی شامل کرنے کا سوچا تھا۔
فلمساز نے مزید کہا کہ پھر میں نے ‘ہیرامنڈی’ کی موجودہ کاسٹ کو اپنی سیریز کے لیے فائنل کیا اور میں بہت خوش ہوں کہ پوری کاسٹ نے اپنا کردار شاندار انداز میں نبھایا۔