(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز چلڈرن ہسپتال پہنچیں جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کے دورے کے دوران ننھے بچوں کو پیار کیا، بچوں کی جلد صحت یابی کی دعائیں اور مریض بچوں کے والدین سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے مریضوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایم ایس کو ہدایت جاری کیں۔
مریم نواز نے چلڈرن ہسپتال میں نیا آئی سی یو یونٹ بنانے کا اعلان بھی کیا اور اسلامک (ایڈ) یو کے اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے درمیان کالج بلاک کے قیام کے لیے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی، انہوں نے چلڈرن ہسپتال آئی سی یو کے لیے فنڈز کے اجرا اور جلد تکمیل کی ہدایات جاری کر دیں۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزرا کو روزانہ ہسپتال کا وزٹ کرنے کی ہدایت جاری کی اور ڈے کیئر سنٹر کا دورہ کر کے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔
مریم نواز نے ڈاکٹر اور نرسوں سے بات چیت کی اور انکی تجاویز سنیں، ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو ہسپتال کے بلاک کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ۔
نئےکالج بلاک میں میڈیکل سٹوڈنٹس کو چلڈرن ہیلتھ سے متعلق تعلیم اور ریسرچ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔