(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں منفرد ریکارڈ بنا دیا۔
ہفتے کو پاکستان نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 9 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی، ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم آخری اوور میں 169 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے ایک بار پھر پہلے اوور میں وکٹ لی، انہوں نے کیوی بیٹر ٹام بلنڈل کو بولڈ کیا۔
اس وکٹ کے ساتھ شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی میں منفرد کارنامہ سر انجام دیا، انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں پہلے اوور میں مجموعی طور پر 50 وکٹیں مکمل کرلیں، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے بولر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی میں پہلے اوور میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں بھارت کے بھووینشور کمار کا دوسرا نمبر ہے۔ انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں مجموعی طور پر 43 وکٹیں پہلے اوور میں لیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میں شاہین آفریدی نے 30 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔