(لاہور نیوز) میچ سے قبل ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا چوتھا میچ کل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ سے قبل سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا۔
محمد فیصل کامران نے سٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ٹیموں کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات چیک کئے، اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے قذافی سٹیڈیم اور روٹ ڈیوٹی پر تعینات تمام پولیس افسران اور جوانوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ لاہور پولیس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچز کے پُر امن انعقاد کیلئے پُر عزم ہے، ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے مکمل رابطے میں ہیں۔
ٹریفک ایڈوائزری جاری
دوسری جانب لاہور ٹریفک پولیس نے ٹیموں کی آمدو رفت کے دوران ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی، قذافی سٹیڈیم سے ہوٹل تک ہیوی اور سلوموونگ گاڑیوں کی ڈائیورشن کروا دی گئی، شہریوں کو راستہ ایپ، راستہ ایف ایم سننے اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 15 پر کال کی ہدایت کر دی۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران کم سے کم وقت کیلئے روڈز کو ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا، شہری مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور فیروز پور روڈ پر غیر ضروری سفر نہ کریں۔