(ویب ڈیسک)پاک نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم نے 179 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بلے باز مارک چیپمین 87 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے، دیگر کھلاڑیوں ٹم رابنسن نے 28، ٹم سیفرٹ نے 21 اور ڈین فاکس کرافٹ 31نے رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی 2 اور نسیم شاہ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
قبل ازیں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکی ۔ صائم ایوب 32 اور بابر اعظم 37 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، دیگر کھلاڑی محمد رضوان 23، عثمان خان 4، شاداب خان 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ عرفان خان 30 اور افتخار احمد 2 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی نے 2 جبکہ جیکب ڈفی اور کپتان مائیکل بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ پہلا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔