(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ میں نے شادی کا فیصلہ کرلیا ہے اس لیے کالر بون سرجری کروا رہی ہوں۔
آپریشن سے قبل ریکارڈ ہونیوالے اپنے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے اپنے حادثے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میرے ڈرامہ سیریل بلبلے کی شوٹنگ چل رہی تھی، اسی دوران مجھے ایک دن کی شوٹ کے لیے کراچی سے حیدرآباد جانا تھا، میرے ساتھ اداکار اظفر رحمٰن بھی تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دن میرا ڈرائیور چھٹی پر گیا ہوا تھا، ہم اظفر کے ڈرائیور کے ساتھ جارہے تھے جو کہ ہائی وے پر بہت تیز گاڑی چلا رہا تھا، میں پچھلی سیٹ پر بیٹھی ہوئی تھی ، میری غلطی تھی کہ اس وقت میں نے سیٹ بیلٹ نہیں لگائی ہوئی تھی۔
عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ اچانک ہائی وے کے درمیان میں ٹوٹی ہوئی سڑک آگئی، ہماری گاڑی کے ساتھ ہی ایک ٹرک تھا جو اس گڑھے سے بچنے کے لیے بغیر انڈیکیٹر دیئے ہماری لائن میں آیا اور اس سے ہماری گاڑی ٹکرا گئی۔
اداکارہ نے کہا کہ حادثے کے نتیجے میں میری کالر بون ٹوٹ گئی، مجھے 5 فریکچر آئے تھے، اس وقت مجھے 2 ڈاکٹرز نے سرجری کا مشورہ دیا جبکہ ایک ڈاکٹر نے تسلی دی کہ یہ جڑ جائے گی لیکن یہ نہیں جڑی اور اب 8 برس بعد اس ہڈی کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے۔
عائشہ عمر کا مزید کہنا تھا کہ اب شادی کا فیصلہ کرلیا ہے، اس لیے سرجری کروا رہی ہوں تاکہ شادی کے بعد اپنے بچوں کو گود میں اُٹھا سکوں، ابھی میں بامشکل ڈیڑھ سے 2 کلو وزن ہی اُٹھا سکتی ہوں لیکن امید ہے کہ سرجری کے بعد میں مکمل صحت یاب ہوجاؤں گی۔