(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سپیشل ٹیمیں لاہور سمیت صوبہ بھر میں قانون شکنوں کے خلاف اقدامات یقینی بنائیں، دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال میں ملوث ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔
پنجاب پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں پتنگ بازی ایکٹ کے تحت 41 ملزمان گرفتار جبکہ 32 مقدمات درج ہوئے، ملزمان کے قبضے سے 957 پتنگیں اور 23 چرخیاں برآمد ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 34 روز کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت3 ہزار 603 ملزمان کو گرفتار کر کے3 ہزار 469 مقدمات درج کیے گئے، ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 17 ہزار 461 پتنگیں اور 14 ہزار 693 چرخیاں برآمد ہوئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے والدین سے بچوں کو پتنگ بازی سے باز رکھنے کی اپیل کی اور سپروائزری افسران کو ہدایت کی ہے کہ دھاتی ڈور و پتنگوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔