(ویب ڈیسک) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی کو 4 اپریل کو عدالت لایا جائے، بانی پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے عدالت سے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
اس سے قبل اسی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 6 مقدمات اور بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی۔
بذریعہ ویڈیو لنک حاضری نہ لگی
دوران سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پی ٹی آئی کے وکلاء پیش ہوئے، عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک کے ذریعے حاضری نہ لگوائی جا سکی۔
اڈیالہ جیل کے حکام نے توہین عدالت نوٹس پر تحریری جواب اور ٹیکنیکل رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی، جیل حکام کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرور ڈاؤن ہونے کے باعث بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری ممکن نہیں ہو سکی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری سے متعلق معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔
عدالت کے حکم کے باوجود ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں پر سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی۔