(ویب ڈیسک) پنجاب میں سخت کریک ڈاؤن کے باوجود 24 گھنٹوں کے دوران پتنگ بازی سے مزید 2 بچے جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق پتوکی کے نواحی گاؤں جاگووالہ چک نمبر 4 میں 8 سالہ بچہ گھر کی چھت پر پتنگ اڑاتے ہوئے نیچے گر گیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مرنے والے بچے کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی۔
دوسری جانب سرگودھا کے علاقے جھال چکیاں میں باپ کا اکلوتا بچہ لوہے کا پائپ اٹھا کر کٹی ہوئی پتنگ لوٹ رہا تھا کہ پائپ ہائی وولٹیج تاروں سے ٹکرا گیا، پائپ ٹکراتے ہی بچے کو زوردار کرنٹ لگا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا، پولیس نے کارروائی شروع کر دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب عثمان انور سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دھاتی ڈور بنانے، بیچنے اور خریدنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا۔