23 Mar 2024
(لاہور نیوز) لاہور میں یوم پاکستان پر عوامی رکشہ یونین کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔
ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھائے شرکا کے جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔
پریس کلب سے امریکی قونصل خانے تک نکالی گئی ریلی سے خطاب میں چیئرمین یونین مجید غوری نے کہا کہ آج شہدائے کرام کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، کشمیر کو بھی پاکستان کا حصہ بنایا جائے۔
ریلی میں شریک رکشہ ڈرائیورز نے کہا کہ 23 مارچ کا دن بڑی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ آج کے دن پاکستان کی بنیاد رکھی گئی تھی، ہم پاک افواج کے ساتھ ہیں جنہوں نے ہمارے لئے بہت سی قربانیاں دیں۔
عوامی رکشہ یونین کی ریلی میں سینکڑوں سبز ہلالی پرچم اٹھائے رکشہ ڈرائیورز، وکلا اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔