یوم پاکستان: شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مرکزی پریڈ، صدر نے معائنہ کیا
(لاہور نیوز) آج پاکستان بھر میں یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کے دستوں کی پریڈ جاری ہے۔
مرکزی پریڈ میں مسلح افواج کے جوانوں نے مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، چین اور دوست ملک آذربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل ہیں۔
صبح سویرے اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کو شاندار انداز میں شرکاء کے سامنے پیش کیا۔
آرمی سکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا۔
تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف سمیت ملکی وغیرملکی شخصیات نے شرکت کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زداری نے مسلح افواج کی مشترکہ مرکزی پریڈ کا معائنہ کیا۔
سعودی عرب کے وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود بھی پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔
لڑاکا طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ
مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شامل تھے، فلائی پاسٹ میں ونگ کمانڈر حسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔
فلائی پاسٹ میں ایف 7 پی جی چیتا اور جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی، جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی تقریب
یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، ایئر وائس مارشل طارق محمود نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے خصوصی دستے نے مزار اقبال پر سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل طارق محمود نے مزار اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔
دن کا آغاز
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔
سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔