لاہور: (محمد بلال) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ محبت کئی مرتبہ ہو سکتی ہے تاہم میں یکطرفہ محبت پر یقین نہیں رکھتی۔
حال ہی میں اداکارہ سنیتا مارشل دنیا نیوز کے مقبول ترین پروگرام"مذاق رات" میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے دوران اداکارہ سے سوا ل کیا گیا کہ آپ یک طرفہ محبت کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گی؟ جس پر انہوں نے کہا کہ میں یک طرفہ محبت پر یقین نہیں رکھتی، میرا خیال ہے کہ یکطرفہ محبت انسان کو ہونی بھی نہیں چاہیے۔
سنیتا کا کہنا تھا کہ لیکن ہمارے ہاں ہر دوسرے نوجوان کو یک طرفہ محبت ہو جاتی ہے، یکطفرفہ محبت سے جتنی جلدی جان چھڑوا لی جائے اتنا ہی اچھا ہے۔
محبت سے متعلق اپنے خیالات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لازمی نہیں کہ زندگی میں محبت ایک ہی مرتبہ ہو، انسان کو ایک سے زائد مرتبہ بھی محبت ہو سکتی ہے۔
میزبان عمران اشرف نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے کیریئر کے عروج پر شادی کی، کیا شادی کے بعد کبھی اداکاری کے کام میں مشکلات درپیش آئیں؟
سوال کے جواب میں سنیتا کا کہنا تھا کہ مجھے آج تک محسوس ہی نہیں ہوا کہ میں نے کیریئر کے عروج پر شادی کی ہے کیونکہ حسن میری محبت تھے اور اپنی محبت کو پا لینے کے بعد ان کیلئے میری محبت اور بھی بڑھ گئی ہے۔
بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارے بچے ہوئے تو اس کے بعد بھی مجھے کام ملنا بند نہیں ہوا بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ کام ملنے لگا، شوبز انڈسٹری میں عام طور پر یہ سوچا جاتا ہے کہ شادی اور بچوں کے بعد کیریئر ختم ہو جاتا ہے حالانکہ ایسا نہیں ہوتا۔