(لاہور نیوز) فلمی موسیقی کو نئی جہت بخشنے والے پاکستان کے معروف موسیقار نثار بزمی کو مداحوں سے بچھڑے 17 برس بیت گئے۔
یکم دسمبر 1924 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے نثار بزمی نے 15 برس کی عمر میں بحیثیت کمپوزر آل انڈیا ریڈیو سے فنی سفر کا آغاز کیا اور 22 سال کی عمر میں فلم ’جمنا پار‘ کی موسیقی دی۔
بزمی صاحب نے فلم انڈسٹری کو درجنوں ایسے گیت دیئے جو کئی دہائیاں گزر جانے کے باوجود آج بھی دلوں کو چھو لیتے ہیں، انہوں نے نامور گلوکاروں طاہرہ سید، نیرہ نور، عالمگیر اور حمیرا چنا کی آوازوں کو پہلی بار فلموں میں متعارف کروایا۔
نثار بزمی نے 6 عشروں پر محیط فنی سفر میں کئی ہندوستانی اور پاکستانی فلموں کو لازوال دھنیں دیں، معروف موسیقار کو ان کی خدمات پر صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سمیت بے شمار فلمی ایوارڈز سےنوازا گیا۔
دلوں کو چھو لینے والی دھنوں کے تخلیق کار نثار بزمی 22 مارچ 2007 کو انتقال کر گئے تھے، ان کی دھنوں کا سحر آج بھی برقرار ہے۔