21 Mar 2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شمس محمود مرزا نے عثمان ڈار کی درخواست پر بطور اعتراض سماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ عثمان ڈار اپنے خاندان کے ساتھ عمرہ کرنے جانا چاہتے ہیں،وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے نام پرووینشل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) میں ڈال رکھا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دے، عثمان ڈار اور ان کے خاندان کو سعودی عرب جانے کی اجازت دی جائے۔
عثمان ڈار کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا تھا، عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا اور درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کرنے کی ہدایت کردی۔