(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے سے روکنے کا تحریری عبوری حکم جاری کر دیا۔
عدالت عالیہ کے جج جسٹس عاصم حفیظ نے ایڈووکیٹ حسن مجید کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔
درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ نے درخواستگزار کو 39 لاکھ پراپرٹی ٹیکس کا نوٹس دیا ہے، اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے کا اختیار ہی نہیں رہا، سندھ ہائیکورٹ بھی کنٹونمنٹ بورڈ کا پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے کا اختیار کالعدم کرچکی ہے۔
حسن مجید ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ آئینی پابندی اور عدالتی فیصلوں کے باوجود لاہور کنٹونمنٹ بورڈ پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسز جاری کر رہا ہے، عدالت لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کا پراپرٹی ٹیکس طلبی کا نوٹس اور اختیار کالعدم قرار دے۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ کو ٹیکس نوٹسز جاری کرنے سے روک دیا ہے، چیف ایگزیکٹو کنٹونمنٹ بورڈ سمیت دیگر فریقین 25 مارچ تک تحریری جواب جمع کروائیں۔