(ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی، عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت 12 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
عدالت نے ملزمان کو 2 اپریل کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا، ملزموں کو صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی اور عمر تنویر بٹ کے 164 کے بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا تھا، ملزموں کے خلاف 164 کے بیانات 17 جنوری کو ریکارڈ کروائے گئے تھے۔
وارنٹ گرفتاری جاری ہونے والوں میں علی امین گنڈاپور، شہباز گل، مسرت جمشید چیمہ، مراد سعید، شبیر اعوان، شیریں مزاری اور شبلی فراز شامل ہیں، ملزموں کے خلاف سانحہ 9 مئی کا مقدمہ تھانہ سٹی میں درج ہے، ملزموں کے وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ سٹی آفتاب احمد کی استدعا پر جاری کئے گئے۔
ملزموں پر ساتھیوں کے ہمراہ میٹرو بس سٹیشن، 15 آفس اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔