(ویب ڈیسک) سوشل میڈیا انفلوئنسر اور اداکارہ رابعہ کلثوم کا کہنا ہے کہ عورت مارچ مردوں سے نفرت کا نہیں بلکہ عورتوں کے حقوق کا نام ہے۔
اداکارہ رابعہ کلثوم نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے عورت مارچ کی کھل کر مخالفت کی۔
اداکارہ نے عورت مارچ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے فیمنیزم جن لوگوں کیلئے ہے ان تک وہ پہنچ ہی نہیں رہا ہے، اگر کوئی ملک کے اندرونی حصے میں رہنے والا شخص پلے کارڈ دیکھے جس میں لکھا ہو اپنے موزے خود ڈھونڈو تو آپ کو لگتا ہے کہ صحیح طریقے سے بات پہنچی ہوگی اور اگر گئی ہے تو بہت غلط انداز میں بات پہنچی ہے، پلے کارڈ پڑھ کر وہ اپنی بیوی کو تین بار اور مارے گا۔
انہوں نے کہا کہ موزہ اٹھاؤ، کھانا خود گرم کرو سے باہر آجائیں، فیمنیزم اس سے بہت آگے ہے، عورت مارچ جس سمت میں جا رہا ہے وہ مجھے پسند نہیں ہے، عورت مارچ مردوں سے نفرت کا نام نہیں، عورتوں کے حقوق کا نام ہے کہ اپنی بیٹی کو پڑھائی اور نوکری کے حقوق دیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر میرے لیے کھانا بھی گرم کرتے ہیں اور بچے کو بھی دیکھتے ہیں، میں بھی ان کا کام کرتی ہوں، گھریلو تشدد پر بات کرنی چاہیے چاہے کچھ بھی ہوجائے آپ عورت پر ہاتھ نہیں اٹھا سکتے۔