سانحہ 9 مئی کے مقدمات، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر دلائل طلب
(لاہور نیوز) سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلانے کے کیس میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر دلائل طلب کر لئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے تھانہ شادمان کو جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت پر سماعت 22 مارچ تک ملتوی کر دی اور ڈیوٹی جج کے دائرہ اختیار پر دلائل طلب کر لئے۔
صنم جاوید کی جانب سے میاں علی اشفاق اور شکیل پاشا عدالت میں پیش ہوئے، پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے احاطہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا عہدے معنی نہیں رکھتے میں سینیٹ کے لئے امید وار ہوں نہ کاغذات جمع کرائے جبکہ صنم جاوید نے کہا خوشی ہے کہ پارٹی نے سینیٹ الیکشن کے لئے بطور امیدوار میرا نام دیا۔
دوسری طرف انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس پر سماعت یکم اپریل تک ملتوی کر دی، پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت 130 ملزمان کو پیش کیا گیا۔
جناح ہاؤس حملہ کیس میں پراسیکیوشن نے صنم جاوید اورعالیہ حمزہ کے علاوہ میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ، خدیجہ شاہ سمیت 266 ملزمان کے خلاف چالان جمع کرا رکھا ہے۔