(لاہور نیوز) مہنگائی کی شرح بڑھنے لگی، ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 35 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں مہنگائی کا راج برقرار ہے، ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کا مجموعی پارہ 32 اعشاریہ 89 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دئیے جس کے مطابق ایک ہفتے میں 18 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، رواں ہفتے میں 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 30 روپے تک بڑھ گئی، رواں ہفتے کے دوران کیلے فی درجن 34 روپے تک مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں انڈے فی درجن 19 روپے تک مہنگے ہوئے، رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 146 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں لہسن کی فی کلو قیمت میں 22 روپے تک اضافہ ہوا، رواں ہفتے مٹن کی فی کلو قیمت میں 31 روپے تک کا اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں بڑا گوشت فی کلو 14 روپے تک مہنگا ہوا۔
اعدادوشمار کے مطابق رواں ہفتے زندہ مرغی فی کلو 6 روپے تک مہنگی ہوئی، ایک ہفتے میں برانڈڈ خوردنی تیل (پانچ لٹر) 29 روپے تک سستا بھی ہوا، ایک ہفتے میں برانڈڈ گھی (اڑھائی کلو) 14 روپے تک سستا ہوا، رواں ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 26 روپے تک سستا ہوا، ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 93 پیسے کی کمی ہوئی، رواں ہفتے تازہ دودھ، خشک دودھ اور دہی سمیت 23 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔