(لاہور نیوز) 20 سال تک شائقین کے دلوں پر راج کرنے والی معروف اداکارہ آسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 12 برس بیت گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلم انڈسٹری میں’’پری چہرہ‘‘ کے نام سے مشہور خوبرو اداکارہ آسیہ کا اصل نام فردوس اِکرام تھا، 70ء کی دہائی میں آسیہ جلوہ گر تو پہلے اردو فلموں میں ہوئیں لیکن جلد ہی پنجابی فلموں کی مقبول ہیروئن بن گئیں ان کو اصل شہرت ہدایت کار رنگیلا کی فلم ’’دل اور دنیا‘‘ سے ملی جس میں انہوں نے اندھی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔
فلم قانون میں بے مثال اداکاری پر آسیہ کو بہترین اداکارہ کے نگار ایوارڈ سے نوازا گیا، آسیہ نے اپنے دور کے تمام بڑے اداکاروں سلطان راہی، محمد علی، وحید مراد، ندیم، منور ظریف اور شاہد کے ساتھ کام کیا لیکن سلطان راہی کے ساتھ ان کی جوڑی بہت مقبول ہوئی، اداکارہ کی مشہور فلموں میں نوکر ووہٹی دا، شریف بدمعاش، چڑھدا سورج، شیدا پستول اور حشر نشر شامل ہیں۔
اداکارہ آسیہ نے دو رنگیلے ، پرنس، وعدہ، خانزادہ میں بھی کمال اداکاری کے جوہر دکھائے، فلم مولا جٹ اور جیرا بلیڈ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، اداکارہ نے مجموعی طور پر 195 فلموں میں اپنے فن کا لوہا منوایا، ان کی آخری فلم ’’ چن میرے‘‘ تھی جو 1990ء میں نمائش پذیر ہوئی۔
اداکارہ آسیہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد کینیڈا شفٹ ہو گئی تھیں جہاں کینسر کی بیماری سے لڑتے ہوئے 9 مارچ 2013ء کو زندگی کی بازی ہار گئیں۔