(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے نوجوان بیٹر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ لیگ کرکٹ ہوتی انٹرٹیننگ ہے، پی ایس ایل میں ہمیشہ مزہ آتا ہے، زلمی کے ماحول کو انجوائے کررہا ہوں۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ ہمیشہ بولنگ کا خواہشمند تھا، آج کل کی کرکٹ میں آل راؤنڈر مفید ہوتے ہیں، نیٹس پر دو تین سال سے بولنگ کر رہا تھا، موقع اب ملا ہے، جو بھی ذمہ داری ملتی ہے اس کو 100 فیصد نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔
صائم ایوب نے کہا کہ بولنگ میں میرے پاس کھونے کو کچھ نہیں اس لیے کھل کر بولنگ کرتا ہوں، اسلام آباد کے خلاف پہلی گیند پر وکٹ کی توقع نہیں کر رہا تھا، بار بار ایسی گیند نہیں ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاور پلے بیٹنگ کا تجربہ بولنگ کے وقت پلان بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، بیٹر سے اندازہ لگا لیتے ہیں کہ وہ کیسے کھیلنے والا ہے،پاور پلے میں بولنگ کرانا بہت چیلنجنگ ہے،جب پہلی مرتبہ نئے گیند سے بال کر رہا تھا تو ڈر لگ رہا تھا لیکن جب پہلا اوور اچھا نکلا تو ڈر نکلا اور اعتماد ملا، مجھے یوں نیا گیند دینا زلمی کا بہادرانہ فیصلہ تھا۔
صائم ایوب نے کہا کہ میرا فوکس بولنگ نہیں، بیٹنگ ہی میری ترجیح ہے، جہاں موقع ملے گا وہاں بولنگ سے بھی کردار ادا کروں گا، بابراعظم سے بہت رہنمائی ملتی ہے، کبھی کبھار بابر جو منع کردیتے ہیں میں وہ بھی کردیتا ہوں، وہ کہتے ہیں کہ رک جاؤ تو میں شاٹ کھیل دیتا ہوں اور کبھی وہ شاٹ کا کہتے ہیں تو رک جاتا ہوں۔
ان کاکہنا تھا کہ بابراعظم کے ساتھ اوپننگ کرکے مزہ آتا ہے، وہ اکثر پہلے بتا دیتے ہیں کہ بولر کیا کرنے والا ہے جس کا فائدہ ہوتا ہے ، بطور کپتان بابر اعظم مجھے کھل کر کھیلنے میں کافی اعتماد دیتے ہیں۔
صائم ایوب نے کہا کہ پہلی کوشش ٹی ٹوئنٹی میں سنچری تک پہنچنے کی ہے،100، 150 سکور ہوسکتا اور 200 ہوجائے تو کیا ہی بات ہے،اہم بات اس طریقہ پر فوکس رکھنا ہے جس سے بڑا سکور ہوسکتا ہے۔