رمضان نگہبان پیکیج کو تصدیق کے بعد مستحق افراد کو وصول کروا رہے ہیں: کمشنر لاہور
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ رمضان نگہبان پیکیج کو مکمل تصدیق کے بعد مستحق افراد کو وصول کروا کر ڈیٹا اپلوڈ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر رمضان نگہبان پیکیج کی ڈورسٹیپ پر فراہمی میں تیزی آ گئ، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور 4 مستحقین کو گھر کی دہلیز پر رمضان پیکیج پہنچایا، انہوں نے فراہم کردہ ڈیٹا سے تصدیق کے عمل کا جائزہ لیا اور مستحق کا ڈیٹا خود سکین کیا۔
کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ رمضان نگہبان پیکیج 19 ہزار 728 مستحقین کو گھر کی دہلیز پر فراہم کیا جا چکا ہے، فراہم کردہ ڈیٹا میں تصدیق کا عمل تیز ہونے سے ڈورسٹیپ فراہمی میں مزید تیزی آئے گی، لاہور کا آج کا ٹارگٹ 10 سے 15 ہزار رمضان پیکیج بیگز کی ڈورسٹیپ فراہمی ہے جو کل سے 25 سے 30 ہزار روزانہ ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 81 ہزار 324 مستحقین کے ڈیٹا کی تصدیق کا عمل مکمل کر لیا، لاہور میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 58 ہزار 230 مستحقین کی فہرست تیار کی گئی ہے، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی ٹیموں کے ہمراہ گھر گھر جا کر ڈیٹا کی تصدیق کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت کے مطابق رمضان پیکیج کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔
اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ ڈاکٹر زینب طاہر اور اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ارم فاطمہ نے مستحقین کو گھر کی دہلیز پر رمضان پیکیج ان کے حوالے کیئے۔