(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کے اوپنر صائم ایوب نے منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ۔
گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دی تاہم زلمی کے کپتان بابراعظم نے پہلے بالنگ کرتے ہوئے پہلا اوور صائم ایوب سے کروایا جنہوں نے حیران کن طور پر پہلی ہی گیند پر ایلکس ہیلز کے وکٹ لے لی جبکہ دوسرے اوور میں صائم نے کولن منرو کو اپنا شکار بنایا۔
بابراعظم نے صائم سے 2 اوورز کروائے جس میں انہوں نے 15 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
زلمی کے نوجوان اوپنر صائم ایوب پی ایس ایل کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پہلی گیند پر وکٹ حاصل کی، اس سے قبل کوئی کھلاڑی یہ کارنامہ سرانجام نہیں دے سکا تھا۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی کو میچ میں شکست ہوئی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 7 میچوں میں 3 فتوحات کے ہمراہ 7 پوائنٹس ہیں اور چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔