(ویب ڈیسک) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان سپر لیگ کے دوران اسٹیڈیم میں شائقین سے صفائی کا خیال رکھنے کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ 9 کا میچ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد تو نہ آئی لیکن جو لوگ میچ دیکھنے آئے ان میں سے کچھ کی جانب سے اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں کچرا پھینکا گیا جس کی تصویر میئر کراچی نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ایکس پر کراچی اسٹیڈیم میں کچرے کی تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے صرف ایک اسٹینڈ کی تصویر ہے، اگر ہم شہری اپنا کردار ادا نہیں کریں گے تو شہر کبھی صاف نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے لکھا کہ ہمیں اس طرح کوڑا کرکٹ پھینکنا بند کرنا چاہیے۔ یہ تمام پلاسٹک کی تھیلیاں بالآخر نالیوں اور گٹروں میں چلی جاتی ہیں اور ہمارے ڈسپوزل سسٹم کو بند کردیتی ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے درخواست کی مہربانی کرکے اس بارے میں سوچیں۔