(ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی6 اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر ویڈیولنک کے ذریعے حاضری کاحکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کی6 اور بشری بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکلاءخالد یوسف چودھری، سردار مصروف خان، بیرسٹر رائے سلمان اور طارق نون عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک حاضری اور بشریٰ بی بی کی پروڈکشن کے آرڈر ہوئے تھے، استدعا ہے کہ عدالت بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی عدالت پیشی سے متعلق احکامات پر عملدرآمد کرائے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ویڈیولنک پر حاضری کرانے کا حکم دے دیا، عدالت نے ہدایت کی کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ملزمان کی ویڈیو لنک حاضری کو یقینی بنائیں۔
بعدازاں عدالت نے سماعت6مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔