(لاہور نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کی تاریخ دینے کے اختیار کیخلاف درخواست پر معاونت کیلئے ایڈووکیٹ جنرل اور اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے میاں شبیر اسماعیل کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے، درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صدر پاکستان یا صوبائی گورنر کے پاس ہے، الیکشن کمیشن کے سیکشن 57 میں ترمیم کر کے تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کو دے دیا گیا، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 57 میں ترمیم آئین پاکستان سے متصادم ہے، عدالت الیکشن ایکٹ کے سیکشن 57 کو کالعدم قرار دے۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کے لیے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔