26 Feb 2024
(لاہور نیوز)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب اسمبلی اور گورنر ہاؤس سمیت صوبہ بھر کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دے دیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر کی سکیورٹی مزید سخت کر دی جائے، الرٹ ہو کر ڈیوٹی کریں،کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ نقص امن کا باعث بننے والے شر پسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں، سی سی ٹی وی کیمروں سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ایلیٹ ٹیمیں مؤثر پٹرولنگ کریں، سی ٹی او لاہور اسمبلی اجلاس کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں۔