کراچی کنگز آئندہ میچوں میں کمزوریوں پر قابو پا کر کارکردگی بہتر بنائے گی، مسرور احمد
(ویب ڈیسک) کراچی کنگز کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ مسرور احمد نے کہا ہے کہ ٹیم آئندہ میچوں میں کمزوریوں پر قابو پا کر اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے گی۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں 55 رنز سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی کنگز کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ یہ پہلا میچ تھا اور ٹیم تعمیر نو کے بعد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، پہلے بولنگ کا فیصلہ غلط فیصلہ نہیں تھا کیونکہ بولرز نے 200 رنز کے ہدف کو محدود کرتے ہوئے اچھی بولنگ کی، پولارڈ اور ونس جیسے ٹاپ پلیئرز میچ سے صرف ایک روز قبل ٹیم میں شامل ہوئے ہیں اور امید ہے کہ اگلے میچز میں مزید بہتری آئے گی۔
محمد عامر کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ آٹھ سال سے ٹیم کے ساتھ ہیں اور ان کی غیر موجودگی نے بہت بڑا اثر ڈالا ہے لیکن ہمارے پاس اب بھی اچھا بولنگ اٹیک ہے جو اچھے نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔