(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر ازخود نوٹس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کے بعد چیف جسٹس چیمبر میں ججز کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، مشاورتی اجلاس میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی ،جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ شریک تھے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں تمام ججز کی جانب سے کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا جائزہ لینے اور ازخود نوٹس لینے یا نہ لینے کے فیصلے پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر ازخود نوٹس نہ لینے کا فیصلہ کیا، فیصلہ چیف جسٹس کی دیگر ججز سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ انتخابات سے متعلق مقدمہ 19 فروری کو پہلے ہی سماعت کیلئے مقرر ہے، پہلے سے مقرر کردہ مقدمہ میں ہی کمشنر راولپنڈی کے پہلو کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔