(لاہور نیوز) تھانہ گلبرگ سے 11 گرفتار ملزم پولیس کی مبینہ ساز باز کے ساتھ فرار ہو گئے۔
لبرٹی چوک پر ڈنڈا بردار ملزمان نے پولیس کے ساتھ احتجاج کے دوران جھڑپ کی تھی، پولیس نے 50 سے زائد مظاہرین میں سے 11 افراد کو گرفتار کیا تھا اور ملزمان کو تھانہ گلبرگ منتقل کیا گیا تھا۔
ملزمان کے خلاف کار سرکار مداخلت سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا، گرفتار ملزموں میں شہاب علی، محمد جاوید ، شاہد طارق، محمد عمر، خالد محمود، مبین علی، عبدالاحد، عبداللہ، اظہر اسلم محمد، ارشد اور محمد عدیل شامل تھے۔
گرفتار ملزمان پولیس حراست سے مبینہ ساز باز کے ساتھ فرار ہو گئے، اے ایس پی گلبرگ شہر بانو نے واقعہ کی تصدیق کر دی۔اے ایس پی گلبرگ کے مطابق ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی لاپرواہی کے باعث ملزمان فرار ہوئے، واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔