نوجوانوں کا جمہوریت پر یقین، ولولہ، تعمیر ملت کا عزم تاریخ رقم کرے گا: صدر مملکت
(ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نوجوانوں کا جمہوریت پر یقین، ولولہ، تعمیر ملت کا عزم انشاء اللہ تاریخ رقم کرے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خاص طور پر خواتین کو جو شدید مشکلات کے باوجود بڑی تعداد میں باہر نکلیں، ان خواتین نے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ووٹ دیا، نوجوان بھی بالخصوص داد کے مستحق ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں نے ووٹنگ کے عمل میں پرامن طریقے سے حصہ لے کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، شدید مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کیلئے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نظر آرہا ہے۔
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) February 11, 2024
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں اس پُرجوش جذبے کا جشن منانا چاہئے اور دنیا کو پاکستان کا یہ خوبصورت چہرہ دکھانا چاہئے، ہمارے شاندار مستقبل میں میرا اعتماد مضبوط ہوا ہے کیونکہ لوگوں نے کھل کر بڑی تعداد میں اپنی مرضی کا اظہارکیا ہے، میرے شہریوں کے اس عظیم مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہئے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہئے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللہ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کر کے اس کا فائدہ اٹھانا چاہئے، بے شک اللہ پاکستان پر بہت مہربان ہے، آؤ میرے لوگو اٹھو اور متحد ہو جاؤ، سب کچھ چھوڑکر تعمیر نو کا کام شروع کرو، دنیا آپ کی منتظر ہے۔