(لاہور نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے جاتی امراء میں مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقات کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف اور ایم کیوایم کی قیادت کے درمیان اہم سیاسی بیٹھک ہوئی، پارٹی صدر شہبازشریف، مریم نواز اور دیگر لیگی رہنما بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ایم کیوایم وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی، وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال بھی شامل تھے، ملاقات میں آئندہ کی سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد مہمان وفد واپس چلا گیا جبکہ دونوں وفود کے درمیان ہونے والی ملاقات 50 منٹ تک جاری رہی۔
مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ملاقات میں مل کر چلنے پر اصولی اتفاق کیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے حکومت سازی کے مشاورتی عمل کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں جماعتوں کی نمائندہ کمیٹی دیگر پارلیمانی جماعتوں سے رابطہ کرے گی، دونوں پارٹیوں نے دیگر جماعتوں کے ساتھ رابطہ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
اس موقع پر سندھ سے آزاد نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔
قبل ازیں رائیونڈ آمد پر مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ایم کیو ایم قائدین کا استقبال کیا۔