(ویب ڈیسک) پاکستان فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے عام انتخابات 2024 کے نتائج کے بعد ملک میں انصاف اور شہری حقوق کی افسوسناک موت کا اعلان کردیا۔
8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور تاحال الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کے 258 حلقوں کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جبکہ 265 میں سے 7 حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔
عام انتخابات کے بعد سے سوشل میڈیا پر ویڈیوز منظرعام پر آرہی ہیں جن میں دھاندلی کا دعویٰ کیا جارہا ہے، جہاں پاکستانی عوام نتائج پر شدید ناراض ہیں تو وہیں شوبز شخصیات بھی ناخوش نظر آرہی ہیں۔
شوبز شخصیات اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے عام انتخابات کے نتائج پر اپنی ناراضی کا اظہار کررہی ہیں جن میں اداکار عدنان صدیقی بھی شامل ہیں۔
عدنان صدیقی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں ایک تعزیتی نوٹ جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پاکستان کے دیگر عوام ملک میں انصاف اور شہری حقوق کی افسوسناک موت کا اعلان کرتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ پاکستان کے قانون کی پاسداری کرنے والوں میں اخلاقیات کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
اُنہوں نے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے لوگوں کو صبر عطا فرمائے اور اس ناانصافی کو ایک بار پھر ہمیشہ کے لیے ملک سے ختم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
عدنان صدیقی نے مزید کہا کہ یہ تعزیتی پیغام اُن لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے ان مظالم میں سہولت اور مدد فراہم کی، ہم یہ ظلم اور ناانصافی کبھی نہیں بھولیں گے۔