(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے عام انتخابات کے نتائج کے حوالے سے کہا ہے کہ توقع یہی تھی کہ آزاد امیدواروں کو برتری ملے گی لیکن آزاد کے کھیل میں جونیجو دور کو یاد رکھنا چاہیے اور لولا لنگڑا اقتدار بھی مسلم لیگ (ن) کا آخری اقتدار ہو گا۔
فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں سرپرائز ہوگیا ہے، میں جو کہہ رہا ہوں آئندہ 72 گھنٹوں میں سامنے آ جائے گا، اسلام آباد میں ونٹر فیئر کھل چکی ہے، 12 بجے پتا چل جائے گا، توقع یہی تھی کہ آزاد امیدواروں کو برتری ہوگی، آزاد کے کھیل میں جونیجو دور کو یاد رکھنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کچھ زیادہ ہی سیٹیں لے رہی ہے، مک گیا شو، گو نواز گو ہو گیا، پیپلز پارٹی آزاد امیدواروں کے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھے گی تو 6 سے 7 ماہ میں سارا مک جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لولا لنگڑا اقتدار بھی مسلم لیگ (ن) کا آخری اقتدار ہو گا، اس ملک میں مردے کا ووٹ ڈلتا ہے، مردے کے ووٹ پر انسان جیتتا ہے اور اس کا فیصلہ 5 سال بعد آتا ہے، پی ٹی آئی کی اپنی مقبولیت اور پی ڈی ایم حکومت سے نفرت ایک لہر کی بنیاد بنی۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت بھی نفرت کی بنیاد پر بنی ہے، جنہوں نے آئین، قانون اور جمہوریت کا بیڑا اٹھایا ہے، ان سے پوچھتا ہوں جو پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) کے اندر الیکشن نہ کروا کر آپ نے اب تک ان کی سزا اور جزا کا کیا کیا۔