(لاہور نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم پُرامن اور تشدد سے پاک انتخابات پر قوم کو دل کی گہرائی سے مبارکباد دیتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مسلح افواج نے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر انتخابات کی سکیورٹی میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ایک لاکھ 37 ہزار جوانوں، سول آرمڈ فورسز کے 6 ہزار اور کوئیک ریسپانس فورس کے 7ہزار 800 جوانوں نے پُرامن انتخابات کو یقینی بنایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حالیہ دہشت گردی کا مقصد انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنا تھا لیکن ہمارے جوان ملک بھر میں امن اور سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پُرعزم رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی میں 10 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید جبکہ 39 زخمی ہوئے، مختلف کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گردوں کو مارا گیا، موثر حکمت عملی سے دہشت گردی کے خطرات کو ناکام بنایا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کے ساتھ مل کر جمہوری عمل کو محفوظ بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھی مشکور ہیں، ہم پُرامید ہیں کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہماری قربانیاں پاکستان کے عوام کی اُمنگوں کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔