(لاہور نیوز) این اے 127 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عطاتارڑ نے کہا ہے کہ آج رزلٹ آنے کے بعد ہر جانب شیر کی دھاڑ سنائی دے گی۔
میڈیا سے گفتگو میں لیگی امیدوار عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں جارہے ہیں شیر کی دھاڑ سنائی دے رہی ہے، پیپلز پارٹی کے کیمپ خالی ہیں، بلاول صاحب کی پارٹی کہیں نظر نہیں آرہی، جنہوں نے پیسے پکڑے تھے لگتا ہے وہ چھٹی کرگئے، یہ قانونی جرم ہے آپ ووٹ بیچ کر آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف پر قوم کا اعتماد ہے، اس قوم کی بہتری کیلئے نوازشریف نے کام کیا، پیپلز پارٹی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ چھوڑ کرگئی، 2013سے 18ء تک ایک سنہرا دور تھا، نوازشریف کے دور میں لوڈشیڈنگ ،مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو فی الحال اڈیالہ جیل میں ہی دیکھ رہے ہیں، پی ٹی آئی کے بھی کیمپ لگے ہوئے ہیں، یہ کہہ رہے تھے ہمیں مہم نہیں چلانے دی جارہی ، پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، خوف کا کوئی علاج نہیں کیا جاسکتا۔