جہانگیر ترین کا وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے 3 رکنی کمیٹی بنانے کا اعلان
(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیرخان ترین نے الیكشن میں عوام سے كئے گئے وعدوں پر عملدرآمد كو یقینی بنانے كے لئے 3 ركنی كمیٹی بنانے كا اعلان کر دیا۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ اقتدار میں آ كر سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات كا جائزہ لیں گے اور بے گناہ لوگوں كو رہا كیا جائے گا، ہم ووٹ کی طاقت سے پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ کریں گے، قومی وسائل كا رخ ملتان، لودھراں اور دیگر پسماندہ علاقوں كی طرف موڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں تھانہ کچہری کی سیاست ہوتی ہے، لوگوں پر جھوٹے مقدمات قائم کئے جاتے ہیں، مخالفین کو نیچا دکھانے کے لئے پولیس اور دیگر اداروں کو استعمال کیا جاتا ہے، بعض سیاسی جماعتیں نوجوانوں کو خواب دِکھا کر حمایت لینے کی کوشش کرتی ہیں۔
جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ میں اپنی زندگی میں عملی جدوجہد پر یقین رکھتا ہوں، میں نے جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں، ہم اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ پولیس، ریونیو اور دیگر محکمے قانون کے دائرہ کار کے اندر کام کریں۔