(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 9 فروری کا سورج 9 مئی کے سورج کو غروب کر دے گا۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کھڈیاں خاص میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اس حلقے سے قومی اسمبلی کا امیدوار بنا کر مجھے خرید لیا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ بیٹی مریم نواز نے ولولہ انگیز تقریر کی، بیٹی مریم نواز کی بات کو نہیں دہراؤں گا، یہ ٹکٹ نوازشریف کی امانت ہے، نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنے تو پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، ایک طرف نوازشریف کی خدمت اور دوسری طرف نفرت اور فریب ہے۔
صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ ایک طرف 9 مئی کا واقعہ ہے، دوسری طرف 28 مئی والا نوازشریف بیٹھا ہے، کھڈیاں والو! نوازشریف کی قیادت میں ضلع قصور کو لاہور بنا دیں گے، حالیہ سالوں میں جب سیلاب آئے تو وہ دھرنے دیتے رہے، سازشیں کرتے رہے، نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا نوازشریف آگے بڑھ کر آیا، نوازشریف کی حکومت کا 3 مرتبہ تختہ الٹا گیا، لیکن نوازشریف نے کبھی کسی سپہ سالار کو میر جعفر نہیں بولا، سندھ میں میرے ایک مہربان ہیں، آپ جانتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں میرے مہربان سیاستدان نے کہا کہ ن لیگ نے کراچی میں کوئی جلسہ نہیں کیا، ان سے کہتا ہوں کہ آپ کی کارکردگی ہی ہمارے لئے جلسے کا کام کررہی ہے، جنہوں نے کراچی کو لاہور بنانا ہے تو باقی کیا بات رہ گئی! ہم نے کراچی میں بھی یہی آکر کہنا تھا کہ یہ ہے آپ کی کارکردگی۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے مزید کہا کہ نوازشریف کو موقع دیا تو پورے ملک میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، 8 فروری کا دن نوٹ کر لو، ترقی چن لو، ملک میں بیروزگاری کو ختم کرو۔