ن لیگ کی مقبولیت سب سے زیادہ، ہر سروے نے مخالفین کے پرخچے اُڑا دیئے: مریم نواز
(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن مقبولیت میں سب کو پیچھے چھوڑ آئی ہے، ہر سروے نے مخالفین کے پرخچے اُڑا دیئے، 8 فروری کو الیکشن نہیں پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ ہے۔
کھڈیاں خاص میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ قصور والو آپ کےعشق نے یہ بازی پلٹ کر رکھ دی، قصور نے کبھی نوازشریف کا پرچم گرنے نہیں دیا، قصور والو آپ کی استقامت کو سلام ہے، ہمیں بھی قصور سے بہت محبت ہے، آج آپ کی محبت پر مہر لگ گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کھڈیاں والو، نوازشریف نے انتخابی مہم کا آخری جلسہ یہاں کیا، آج ہر سروے کہہ رہا ہے اس وقت مسلم لیگ ن مقبولیت میں تمام جماعتوں کو پیچھے چھوڑ آئی ہے، ہر سروے نے مخالفین کے پرخچے اڑا دیئے ہیں، عوام دیوانہ وار نوازشریف کی طرف دوڑی چلی آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو کہتی ہوں نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دو، میرا سیاسی جنم ایسے دور میں ہوا جہاں ماں، بہن اور بیٹی کی کوئی عزت نہیں تھی، میں ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی ہوں جس میں غریب کے بچوں کو پیٹ بھر کر روٹی ملے۔
مریم نواز نے کہا کہ مخالفین نے طریقہ ڈھونڈ لیا کہ کارکردگی بتانے کیلئے کچھ نہیں تو نواز شریف پر تنقید کرو، نواز شریف کی کردار کشی کی گئی، ہر جلسے میں مجھ پر کیچڑ اچھالا گیا، بدتمیزی کی، میں ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی ہوں جہاں نوجوانوں کے ہاتھ میں ڈنڈے نہ ہوں بلکہ لیپ ٹاپ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ہر ظلم، ہر جبر سہا لیکن نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، ان کے خلاف ذاتی نوعیت کا فیصلہ آیا تو نواز شریف، شہباز شریف نے کچھ نہیں بولا، میرا سیاسی جنم مشکل سیاسی دور میں ہوا جہاں بیٹیوں اور بہنوں کو کال کوٹھریوں میں پھینکا گیا، اس جلسے کو گواہ بنا کر کہتی ہوں آپ اور اس ملک کی خاطر تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ قصور نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کا مان رکھا، قصور کے عوام نے ہر الیکشن میں مسلم لیگ ن کا بھرپور ساتھ دیا، نواز شریف لوگوں کا عشق ہے، نواز شریف پر ظلم و ستم کے پہاڑ گرائے گئے، نوازشریف کی سیاست کو ختم کرنے کے دعوے جھوٹے نکلے، آج عوام نے ثابت کر دیا کہ سیاست نواز شریف سے شروع ہوتی ہے اور نواز شریف پر ہی ختم ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں بھائی چارہ اور سلامتی ہو، پی ٹی آئی کے ورکرز کو کہتی ہوں آپ کو بہلایا پھسلایا گیا، نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دو، میں خواب دیکھتی ہوں ایسے پاکستان کا جہاں پر حکومت کی توجہ انتقام پر نہیں خدمت پر ہو، خواتین کیلئے باعزت روزگار اور سواری ہو، یہ میرے خواب ہیں، خواب ضرور پورے کریں گے۔