(ویب ڈیسک) شہرِ قائد میں ہفتہ 3 فروری کی شب ہونے والی موسلا دھار بارش نے اداکارہ عریشہ رضی کی مایوں کی تقریب کا مزہ بھی کرکرا کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پرعریشہ رضی خان کے مایوں کی ایونٹ کی تصاویر اور ویڈیوز منظرِعام پر آئی ہیں۔
اداکارہ کی رسم مایوں 3 فروری کی شب کراچی میں ہوئی، ابھی یہ تقریب جاری ہی تھی کہ اچانک طوفانی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، اس اچانک کی بارش کے باعث ایک جانب مہمانوں کو آمد میں دشواری کا سامنا رہا جس کی نشاندہی ایک وائرل ویڈیو میں اداکارہ نادیہ خان نے بھی کی۔
اس کے علاوہ بارش ہوتے ہی شہر میں فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے سبب عریشہ کے گھر کی لائٹ بھی چلی گئی، اس صورتحال میں مہمانوں سمیت ان کے گھر والوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
عریشہ رضی خان کے دوستوں نے بھی بھرپور کوشش کی کہ بارش کی وجہ سے ان کی دوست کا یادگار فنکشن خراب نہ ہو اور کمرے میں ہی بھنگڑے ڈالنا شروع کردیے۔
اداکارہ نے مایوں کے لیے نارنجی اور سُنہرے رنگ کے خوبصورت لباس کا انتخاب کیا جسے حسین نے ڈیزائن کیا جب کہ اُن کے دولہے عبداللہ فرخ نے دلہن کی میچنگ کی اور وہ نارنجی کرتے پاجامے اور شال میں نظر آئے۔
خیال رہے کہ اداکارہ نے 2022 میں خاموشی سے نکاح کیا تھا تاہم فوٹوگرافر کی جانب سے تصاویر وائرل ہونے کے بعد تنازع بھی کھڑا ہوگیا تھا لیکن ان کے مداحوں نے نکاح کے بارے میں جان کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا تھا۔