(ویب ڈیسک)کینسر کے عالمی دن کےموقع پر ماہرین نے خطرناک مرض میں مبتلا کرنیوالی غذاوں کے نام بتا دیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پراسیس گوشت ایسا گوشت ہے جسے دھویں، نمک یا دیگر طریقوں سے محفوظ کیا جاتا ہے،عام طور پر سرخ گوشت کو پراسیس کیا جاتا ہے اور اس عمل کے دوران ایسے مرکبات بنتے ہیں جو کینسر کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔مختلف تحقیقی رپورٹس میں بھی بتایا گیا ہے کہ پراسیس گوشت کے استعمال سے معدے، آنتوں اور بریسٹ کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اسی طرح جب غذاؤں کو زیادہ درجہ حرارت پر پکایا جاتا ہے تو acrylamide نامی مرکب بنتا ہے، خاص طور پر ایسی غذائیں جن کو تیل میں تلا جاتا ہے،یہ مرکب کینسر کا خطرہ بڑھا سکتا ہے اور ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ acrylamide سے ڈی این اے کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ خلیات مرنے لگتے ہیں۔اسی طرح کی غذاؤں کے بہت زیادہ استعمال سے ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے اور یہ دونوں مسائل بھی کینسر کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ چینی سے بنی میٹھی اشیا کے زیادہ استعمال سے بھی کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے،زیادہ میٹھی اشیا کے استعمال سے ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپے سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔یہ دونوں مسائل ورم اور تکسیدی تناؤ کا باعث بنتے ہیں جس سے کینسر کی مخصوص اقسام کا خطرہ بڑھتا ہے۔