(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے وطن عزیز کیلئے خون بہانا پڑا تو شہادت کو خوشی سے گلے لگائیں گے۔
پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں پروبیشنر ٹریننگ افسران کے پہلے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، کورس مکمل کرنے والوں میں اے ایس آئی سے انسپکٹر رینک تک کے 397 افسران شامل تھے، آئی جی پنجاب نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔
پاس آؤٹ ہونے والے پولیس افسران نے مارچ پاسٹ کیا، آئی جی پنجاب نے دوران ٹریننگ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں انعامات تقسیم کئے۔
تقریب سے خطاب میں آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ قوم کے جان و مال کے تحفظ کی حفاظت پولیس فورس نے یقینی بنانی ہے، ارض پاک کو نقصان پہنچانے والے مجرموں، غنڈوں اور دہشت گردوں کو شکست دے کر ریاست کو مضبوط بنا رہے ہیں، وطن عزیز کیلئے خون بہانا پڑا تو شہادت کو خوشی سے گلے لگائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے چوہنگ کالج میں پولیس آفیسرز گیسٹ ہاؤس کا بھی دورہ کیا۔
آئی جی پنجاب پولیس شہداء کے اہل خانہ کو گھروں کی فراہمی کیلئے بھی مصروف عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان ریجن کے مزید 10 شہدائے پولیس کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کر دئیے گئے، سیف سٹی اتھارٹی میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب نے شہداء کے اہل خانہ میں پلاٹس کے ملکیتی کاغذات تقسیم کئے۔
آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ 588 شہداء کے اہل خانہ کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ پلاٹس کا انتظام ہو چکا ہے، گھروں کی تعمیر کیلئے انڈومنٹ فنڈ سے شہداء کی فیملیز کو کروڑوں روپے فراہم کئے جا چکے ہیں۔